شامی پناہ گزین بچیاں بھی بالی ووڈ اسٹارز کی مداح نکلیں

ممبئی: بالی ووڈ اداکارہ پریانکا چوپڑا نے اردن سے ایک ویڈیو شیئر کی ہے جس میں مہاجرین کے لیے وقف کیمپوں میں رہنے والی شامی مہاجرین بچیوں نے شاہ رخ خان ، سلمان خان اور کترینہ کیف کے لیے محبت بھرا پیغام بھیجا ہے۔
بالی ووڈ کی نامور اداکارہ پریانکا چوپڑا ان دنوں اردن اور عمان کے دورے پر موجود ہیں جہاں وہ مہاجرین کے کیمپوں میں موجود شامی پناہ گزین بچوں سے ملاقات کرنے کے ساتھ ان کی بہتری کے لیے بھی کام کررہی ہیں، دورے کے دوران پریانکا ہر پل کی خبر سوشل میڈیا پر مداحوں کے ساتھ شیئر کررہی ہیں۔
حال ہی میں انہوں نے ایک ویڈیو شیئر کی ہے جس میں ریفیوجی کیمپ میں موجود ایک شامی بچی وفا نے بالی ووڈ کی باربی ڈول کترینہ کیف کے لیے محبت بھرا پیغام بھیجا ہے، وفا نے کہا ہے کہ وہ کترینہ کیف سے محبت کرتی ہیں اور ان کی سب سے بڑی مداح ہیں ، انہوں نے کترینہ کی ساری فلمیں دیکھی ہیں اور اگر کوئی فلم یہاں ایک سے زائد بار دکھائی جاتی ہے تو وہ دوبارہ بھی ضرور دیکھتی ہیں، صرف کترینہ ہی نہیں بلکہ شامی بچے بالی ووڈ اسٹارز شاہ رخ خان، سلمان خان، اکشے کمار اور کرینہ کپور کے بھی پرستار ہیں اور انہیں بے حد پسند کرتے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں