لاہور کا الیکشن پاکستان کے مستقبل کا فیصلہ کرے گا، عمران خان

لاہور: چیرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ این اے 120 میں ضمنی الیکشن نہیں بلکہ پاکستان کے مستقبل کا فیصلہ ہونے جا رہا ہے کیونکہ عوام کے ووٹ سے پاکستان کے مستقبل کا فیصلہ ہو گا۔
چیرمین تحریک انصاف عمران خان نے لاہور میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر یاسمین راشد کی انتخابی مہم میں اس لیے آیا ہوں تاکہ پاکستان کے کمزور طبقے کو پیغام دے سکوں کہ جب سے پاکستان بنا، طاقتور ہمیشہ جیتا اور کمزور پر ظلم ہوا اور غریب کو کبھی عدالتوں سے انصاف نہیں ملا، طاقتور ملک میں ہر ناجائز کام کر سکتا ہے لیکن کمزور اپنے جائز کام کے لیے بھی پیسے دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ این اے 120 میں عوام کے ووٹ کی طاقت سپریم کورٹ کو مضبوط کرے گی اور اپنے ووٹ کے ذریعے سپریم کورٹ کو یہ شکریہ ادا کریں گے کہ آپ کی عدالت نے ملک کے سب سے بڑے ڈاکو کو نااہل قرار دیا ہے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ عدالت نے جب میاں صاحب کو نااہل کیا تو وہ پوچھنے لگے، مجھے کیوں نکالا جس کا مطلب یہ ہوا کہ میں تو طاقتور مافیا ہوں عدالت نے مجھے کیسے نااہل کیا، ان کا کام تو چھوٹے چوروں کو پکڑنا تھا۔ انہوں نے کہا کہ اگر اتنے بڑے ڈاکو کو ووٹ دینا ہے تو ایک اور پٹیشن بھی دائر کرو کہ ملک کی تمام جیلوں سے تمام چھوٹے چوروں کو نکال دیا جائے، ان بیچارے لوگوں کا کیا قصور ہے جو چھوٹی چوری پر جیلوں میں پڑے ہوئے ہیں، ان تمام چوروں کی چوری تو نواز شریف کے لندن کے ایک فلیٹ سے بھی کم ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں