آرمی چیف نے چار دہشت گردوں کی سزائے موت کی توثیق کردی، آئی ایس پی آر

راولپنڈی: آئی ایس پی آر کے مطابق سربراہ پاک فوج جنرل قمر جاوید باجوہ نے کالعدم تنظیموں کے 4 دہشت گردوں کی سزائے موت کی توثیق کردی ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے 4 اہم دہشت گردوں کی سزائے موت کی توثیق کردی ہے۔ موت کی سزا پانے والے دہشت گردوں میں ریاض احمد، حفیظ الرحمان، محمد سلیم اور کفایت اللہ شامل ہیں اور چاروں کا تعلق کالعدم تنظیموں سے ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گرد مسلح افواج، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور معصوم شہریوں کے قتل میں ملوث ہیں اور مجموعی طور پر 16 افراد کو قتل جب کہ 8 افراد کو زخمی کیا، چاروں دہشت گردوں سے اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے اور انہوں نے فوجی عدالتوں کے سامنے اپنے جرائم کا اعتراف کیا جس پر فوجی عدالتوں نے انہیں کو سزائے موت کا حکم دیا جب کہ 23 مزید 23 مجرموں ک مختلف مدت کی قید کی سزائیں بھی سنائی گئی ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گرد ریاض احمد پولیس اور فرنٹیئر کانسٹیبلری کے اہلکاروں پر حملوں اور گورنمنٹ مڈل اسکول علی گرامہ کو تباہ کرنے میں ملوث ہے۔ دہشت گرد حفیظ الرحمان 3 شہریوں کے قتل اور محمد سلیم مسلح افواج پر حملے میں ملوث رہا ہے جس میں 4 فوجی جوان شہید ہوئے تھے۔ جب کہ دہشت گرد کفایت اللہ بھی مسلح افواج پر حملے میں ملوث ثابت ہوا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں