جرمنی کا بھی سی پیک میں شراکت کی خواہش کا اظہار

اسلام آباد: وزیر داخلہ احسن اقبال کا کہنا ہے کہ دنیا کو ہاہمی ٹکراؤ کے بجائے معاشی و اقتصادی تعاون کی ضرورت ہے۔ وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال سے جرمن سفیر مارٹن کابلر نے اسلام آباد میں ملاقات کی جس میں دو طرفہ امور سمیت ٹیکنالوجی اور پیشہ ورانہ تربیت کے فروغ پر اتفاق کیا گیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر نے کہا کہ افغانستان میں سوویت یونین کی شکست نے یورپ کا نقشہ بدل ڈالا ہے جب کہ پاکستان نے دہشتگردی کی جنگ میں بھاری قیمت ادا کی ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ فورسز اور عوام کی قربانیوں سے پاکستان کے قبائلی علاقے دہشتگردوں سے 100 فیصد پاک ہو گئے ہیں۔ احسن اقبال کا کہنا تھا کہ پاکستان افغانستان میں سیاسی مفاہمت کے ذریعے امن قائم کرنے کی پالیسی پر گامزن ہے اور افغانستان میں امن و استحکام پاکستان کے لیے کلیدی اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ خطے کے ممالک ملکر افغانستان میں امن کی بحالی کے لیے کام کریں۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان میں امن اور ترقی کے لیے جرمنی کو بھرپور تعاون کرنا چاہیے۔ اس کے علاوہ احسن اقبال نے جرمنی کے صحافیوں کو دورہ پاکستان کی دعوت بھی دی۔ دوسری جانب جرمن سفیر نے پاک چین اقتصادی راہداری منصوبوں میں شراکت کی خواہش کا اظہار کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں