کوئی سیاسی جماعت بلیک میل نہیں‌کرسکتی، الیکشن کمیشن

اسلام آباد: ترجمان الیکشن کمیشن نے چیف الیکشن کمشنر کی گاڑی سے متعلق بیان پر فواد چوہدری کو متنبہ کردیا۔ تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے گزشتہ روز میڈیا سے گفتگو میں چیف الیکشن کمشنر کی گاڑی سے متعلق بیان دیا تھا۔ ترجمان الیکشن کیشن نے فواد چوہدری کے بیان پر ایک اور بیان جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ دو روز پہلے فواد چوہدری نے چیف الیکشن کمشنر سے ملاقات کی درخواست کی تھی لیکن چیف الیکشن کمشنر نے کیس زیر سماعت ہونے کے باعث اکیلے ملنے سے انکار کیا تھا۔ ترجمان کہنا تھا کہ چیف الیکشن کمشنر سردار محمد رضا نے دوسرے فریق کی موجودگی میں ملاقات کرنے پر حامی بھری تھی لیکن ملاقات نہ کرنے پر فواد چوہدری کو صدمہ ہوا۔

ترجمان الیکشن کمیشن نے کہا کہ فواد چوہدری نے چیف الیکشن کمشنر کی گاڑی سے متعلق نازیبا بیان دیا جس کی تردید کرتے ہیں، الیکشن کمیشن آئینی ادارہ ہے اور فواد چوہدری آئینی ادارے کے خلاف بات کرنے سے اجتناب کریں، بصورت دیگر ان کےخلاف آئین کے تحت قانونی کارروائی عمل میں لائی جاسکتی ہے۔ ترجمان الیکشن کمیشن کا کہنا تھاکہ الیکشن کمیشن کسی سیاسی جماعت سے بلیک میل نہیں ہوگا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں