عائشہ گلالئی کونا اہل قراردینے کی انٹرا کورٹ اپیل مسترد

اسلام آباد: اسلام آباد ہائی کورٹ کے ڈویژن بنچ نے تحریک انصاف کی منحرف رکن قومی اسمبلی عائشہ گلالئی کو نا اہل قرار دینے کی انٹرا کورٹ اپیل مسترد کرتے ہوئے دو صفحات پر مبنی فیصلہ جاری کردیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف نے رکن قومی اسمبلی عائشہ گلالئی کو نا اہل قرار دینے کے لئے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دی تھی ، جسے سنگل بنچ نے ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے خارج کردیا تھا ، بعد ازاں پی ٹی آئی نے انٹرا کورٹ اپیل میں سنگل بنچ کے فیصلے کو چیلنج کیا تھا

اسلام آباد ہائی کورٹ کے ڈویژن بنچ نے عائشہ گلالئی کو نا اہل قرار دینے کی انٹرا کورٹ اپیل مستردکردی اور اس حوالے سے دو صفحات پر مبنی فیصلہ بھی جاری کردیا ہے ۔ فیصلے میں کہاگیا ہے کہ ممبرمجلس شورٰی کو نااہل قرار دینے کا طریقہ آئین میں درج ہے اور عائشہ گلالئی کونااہل قرار دینے سے متعلق کارروائی الیکشن کمیشن میں جاری ہے۔ واضح رہے کہ آج الیکشن کمیشن نے عائشہ گلالئی کو ڈی سیٹ کرنے کے حوالے سے اپنا فیصلہ محفوظ کر لیا ہے جسے24 اکتوبر کو سنایا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں