بابر اعظم کی یو اے ای میں‌ مسلسل پانچ سنچریاں

دبئی: پاکستان کرکٹ ٹیم کے نوجوان مڈل آرڈر بلے باز بابر اعظم نے نا صرف سری لنکا کے خلاف دوسرے ون ڈے میں مسلسل دوسری سنچری اسکور کی بلکہ وہ متحدہ عرب امارات میں مسلسل 5 میچز میں 5 سنچریاں بنانے والے دنیا کے پہلے کرکٹر بھی بن گئے۔ ابو ظہبی کے شیخ زید اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے دوسرے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو سود مند ثابت نہ ہوا اور قومی ٹیم کے ابتدائی بلے باز سری لنکن باولرز کے سامنے بے بس نظر آئے۔ لیکن 23 سالہ نوجوان بابر اعظم نے ایک بار پھر خود کو منوایا اور پاکستان کی ابتدائی 6 وکٹیں 101 رنز پر گرنے کے باوجود سری لنکن باؤلرز کا ڈٹ کر مقابلہ کرتے رہے اور شاداب خان کے ساتھ مل کر 109 کی شاندار شراکت قائم کی۔

بابر اعظم 133 گیندوں پر 101 رنز بنا کر آوٹ ہوئے تو یہ ان کی سری لنکا کے خلاف دوسری، کیرئیر کی ساتویں اور یو اے ای میں ملسلسل پانچویں سنچری تھی جو دنیا کے کسی بھی بلے باز کی جانب سے ایک منفرد ریکارڈ ہے۔ اس سے قبل بابر اعظم نے سری لنکا کے خلاف موجودہ سیریز کے پہلے میچ میں بھی 103 رنز کی شاندار اننگز کھیلی تھی جب کہ ویسٹ انڈیز کے خلاف کھیلی گَئی سیریز میں بھی مسلسل تین سنچریاں اسکور کی تھی۔ بابراعظم نے ویسٹ انڈیز کے خلاف میچز میں بالترتیب 117، 123 اور 120 رنز کی اننگز کھیلیں تھیں۔ بابر اعظم اس ریکارڈ پر انتہائی خوش ہیں‌ ان کا کہنا ہے کہ یہ سب پاکستانی قوم کی دعاؤں سے ممکن ہوا.

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں