سری لنکن ٹیم 28 اکتوبر کو لاہور آئے گی

دبئی : سری لنکن کرکٹ بورڈ نے تصدیق کی ہے کہ سری لنکا کی کرکٹ ٹیم رواں ماہ ایک روزہ ٹی 20 میچ کھیلنے کے لیے لاہور آئے گی۔ سری لنکن بورڈ نے اپنے ایک اعلامیے میں کہا ہے کہ سری لنکن ٹیم 28 اکتوبر کو لاہور آئے گی اور 29 اکتوبر کو ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلے گی۔ اس سے قبل سری لنکن ٹیم کے بعض کھلاڑیوں نے سیریز کا آخری ٹی ٹوئنٹی میچ پاکستان میں کھیلنے پر تحفظات کا اظہار کیا تھا۔

سری لنکن کرکٹ کے صدر تھیلنگا سماتھی پالا کا کہنا ہے کہ ’اصولی طور پر‘ 29 اکتوبر کو ہونے والے ٹی 20 کے بارے میں تاحال معاہدہ قائم ہے تاہم کھلاڑیوں نے سیکیورٹی کی صورتحال پر غور کرنے کی درخواست کی تھی۔ خیال رہے کہ 2009 میں لاہور میں سری لنکن کرکٹ ٹیم کی بس پر حملے کے بعد سے پاکستان بین الاقوامی کرکٹ کی میزبانی سے محروم ہے اور پی سی بی کی جانب سے متحدہ عرب امارات کو اپنے ’ہوم گراونڈ‘ کے طور پر استعمال کیا جارہا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں