کراچی کےمسائل حل کرنےکیلیےاختیارات چاہییں، فاروق ستار

کراچی: متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے سربراہ فاروق ستار نے ایک مرتبہ پھر شہر قائد کے مسائل حل کرنے کے حوالے سے اختیارات نہ ملنے کا شکوہ کردیا۔ کراچی میں میڈیا سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ کراچی پاکستان کی ترقی کا انجن ہے، ہمیں شہرکےمسائل حل کرنےکیلیےاختیارات چاہییں۔ فاروق ستار نے کہا کہ کراچی وفاق کو سب سے زیادہ 70فیصد ٹیکس دیتا ہے، شہر کے انفرااسٹرکچر کو بہتر بنانے کیلیے وسائل چاہییں۔

فاروق ستار نے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان کیلیے لوگوں کے اعتماد میں اضافہ ہورہا ہے، سب محسوس کررہے ہیں ایم کیو ایم میں جدت کی گنجائش ہے۔ ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ نے کہا کہ ہم نے وہ تمام بل ایوانوں میں پیش کیے جس سے لوگوں کو فائدہ ہو، ہمارا ایجنڈا اور ویژن صاف ہے۔ فاروق ستار کا مزید کہنا تھا کہ ایم کیو ایم میں زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے لوگ شمولیت اختیار کررہے ہیں۔
اس سے قبل انسداد دہشت گردی عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا تھا وفاقی و صوبائی حکومت اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ہمیں سپیس نہیں دے رہے، وزیر اعلیٰ سندھ ہماری مشکلات میں کمی کریں ایسا نا ہو کہ ان کی مشکلات بڑھ جائیں۔ انہوں نے کہا گرفتاریوں کا سلسلہ پھر شروع ہو چکا ہے، کارکنوں کو خوفزدہ اور ڈرایا جا رہا ہے۔ فاروق ستار نے کہا سہیل قریشی کو نارتھ ناظم آباد سے گرفتار کیا گیا تو باقی ساتھی پی ایس پی میں چلے گئے، رابطہ کمیٹی کے رکن شاہد علی کو علی الصبح گرفتار کیا گیا، انھیں فوری رہا کیا جائے، کارکنوں میں اب اضطراب بڑھتا جا رہا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں