بارودی مواد کے دھماکے میں کیپٹن سمیت 4 اہلکار شہید

کرم ایجنسی میں بارودی مواد کے دھماکے کے نتیجے میں کیپٹن سمیت 4 سیکیورٹی اہلکار شہید اور 3 زخمی ہوگئے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کے مطابق کرم ایجنسی کے سرحدی علاقے خرلاچی میں سرچ آپریشن کے دوران پہلے سے نصب بارودی مواد کے پھٹنے سے فوجی افسر سمیت 4 اہلکار شہید اور تین زخمی ہوگئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق شہید اور زخمی ہونے والے اہلکار کرم ایجنسی سے غیر ملکیوں کی بازیابی کے بعد وہاں اغوا کاروں کی تلاش کے لئے سرچ آپریشن ٹیم کا حصہ تھے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق شہید فوجی جوانوں میں کیپٹن حسنین، سپاہی سعید باز، سپاہی قادر اور سپاہی جمعہ خان جب کہ زخمیوں میں نائیک انور ، سپاہی ظاہر اور لانس نائیک شیر افضل شامل ہیں۔ خیال رہے کہ دو روز قبل پاک فوج نے امریکی انٹیلی جنس کی بنیاد پر کرم ایجنسی میں کامیاب آپریشن کر کے کینیڈین خاندان کو بازیاب کرایا تھا۔ پولیٹیکل حکام کے مطابق بارودی دھماکے میں شہید ہونے والے فوجی جوانوں کی نماز جنازہ ایف سی گراؤنڈ میں ادا کی گئی جس کے بعد میتیں ان کے آبائی علاقوں کو روانہ کردی گئی ہیں۔ پولیٹیکل حکام کے مطابق شہدا کی نماز جنازہ میں کور کمانڈر پشاور نذیر احمد بٹ، جی او سی میجر جنرل اطہر عباسی، بریگیڈئیر علیم اختر، پولیٹیکل ایجنٹ بصیر خان اور سول انتظامیہ کے افسران نے شرکت کی۔

دوسری جانب پولیٹیکل حکام کا کہنا ہے کہ دھماکے افغان پولیس چیک پوسٹ کھیوڑہ سے 100 میٹر کے فاصلے پر ہوئے جب کہ دھماکوں کے بعد پاک افغان خرلاچی سرحد بند کردی گئی ہے۔ پولیٹیکل حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کے بعد سیکیورٹی فورسز کی بھاری نفری نے علاقے کو گھیرے میں لیتے ہوئے سرچ آپریشن شروع کردیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں