جب بھی آمریت آئی ملک کی ترقی رک گئی، شاہد خاقان عباسی

کراچی: وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ پاکستان کی تاریخ کی واحد حکومت ہے جس نے اپنے دور میں کام شروع کیے اور اسی دور میں ختم کیے ہیں۔ وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے پورٹ قاسم پر پہلے کول ٹرمینل کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی اور پاکستان کے پہلے کول ٹرمینل کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ’ فیصلے عوام کے پاس ہونے چاہئیں کیوں کہ جمہوریت کے بغیر ملک ترقی نہیں کرے گا، جب بھی آمریت آئی ہے ملک نے ترقی نہیں کی ہے۔‘ حکومت بنانے اور ختم کرنے کا اختیار صرف عوام کو ہے. کسی ادارے کو یہ حق نہیں کہ حکومت ختم کرے.۔

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ حکومتیں پراجیکٹس کا اعلان کرتی ہیں اور 4 ، 5 حکومتیں اس کو مکمل کرتی ہیں لیکن پاکستان کی تاریخ کی واحد حکومت ہے جس نے اپنے دور میں کام شروع کیے اور اسی دور میں ختم بھی کیے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے پچھلے کئی سالوں کے کام پورے کیے جس میں لواری ٹنل بھی شامل ہے جس کا افتتاح 45 سال پہلے ذوالفقار علی بھٹو نے کیا تھا لیکن وہ منصوبہ نواز شریف نے پورا کیا ہے۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ2013 میں ہماری حکومت آئی تو ملک میں بہت سے بحران تھے جس میں بجلی کا بحران سب سے بڑٖا تھا لیکن ہم نے ان 4 سالوں میں 10 ہزار سے زائد میگا واٹ کے پروجیکٹ شروع کیے جس سے آج ملک میں بجلی موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت کے دور میں ہزاروں کلو میٹر موٹروے کے منصوبے شروع ہوئے اور جلد ہی سکھر سے ملتان تک موٹر وے بھی پورا ہوگا۔ان کا کہنا تھا کہ سی پیک مستقبل کی ترقی کا ضامن ہے کیوں کہ اتنی بڑی انویسٹمنٹ آج سے پہلے پاکستان میں نہیں آئی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں