نواز شریف کا ایک بار پھر سپریم کورٹ میں‌ قسمت آزمائی کا فیصلہ

اسلام آباد : سابق وزیر اعظم نواز شریف نے اپنے خلاف بننے والے نیب ریفرنسز کو سپریم کورٹ میں چیلنج کرنے کا فیصلہ کر لیا ۔نجی نیوز چینل کے مطابق نواز شریف کی جانب سے تینوں ریفرنسز کے خلاف آئینی درخواست آج دائر کیے جانے کا امکان ہے ۔مجوزہ درخواست میں عدالت سے استدعا کی جائے گی کہ قانون کے تحت اثاثے جتنے بھی ہوں ریفرنس ایک ہی فائل ہوتا ہے ،نیب کو 3ریفرنسز ایک ریفرنس میں بدلنے کا حکم دیا جائے ۔واضح رہے کہ شریف خاندان کے خلاف نیب نے احتساب عدالت میں عزیزیہ اسٹیل ملز،ہل میٹل اور فلیگ شپ انویسٹمنٹ کے ریفرنسز دائر کر رکھے ہیں ۔

واضح رہے کہ نیب کی طرف سے نواز شریف اور ان کے بچوں کے خلاف کارروائی سپریم کورٹ کے حکم پر شروع کی گئی ہے اور سپریم کورٹ کا ایک جج اس تمام کارروائی کی نگرانی کر رہا ہے. اس سے قبل بھی نواز شریف اور ان کا خاندان اس کارروائی پر تحفظات کا اظہار کر چکا ہے. مریم نواز نے تو اس حوالے سے کھل کر بات کی ہے کہ ان کے خلاف احتساب نہیں‌ بلکہ انتقام ہو رہا ہے. تاہم نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر احتساب عدالت میں‌ پیش ہو رہے ہیں اور تمام کارروائی کا حصہ ہیں.

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں