احتساب عدالت میں ہلڑ بازی پراسیکیوشن ٹیم پر حملہ کی کوشش تھی، رپورٹ

اسلام آباد : نیب عدالت میں‌ وکلا پر تشدد اور عدالت میں‌ ہلڑ بازی کے پیچھے کس کا ہاتھ تھا اور یہ کیوں کی گئی؟ اس حوالے سے نیب پراسیکیوشن ٹیم نے احتساب عدالت میں پیش آنے والے واقعے سے متعلق ہیڈ کوارٹر کو آگاہ کردیا ہے۔ نیب پراسیکیوشن ٹیم کی طرف سے ہیڈ کوارٹر بھجوائی گئی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ احتساب عدالت میں ہنگامہ آرائی کی آڑ میں نیب پراسیکیوشن ٹیم پر حملے کی کوشش کی گئی۔ وکلا اور لیگی کارکنوں کی جانب سے نیب پراسیکیوشن ٹیم کے سربراہ مظفر عباسی کو دھکے دیے گئے جبکہ نیب ٹیم کو عدالت میں ڈائس سے ہٹانے کی بھی کوشش کی گئی۔

واضح رہے کہ احتساب عدالت میں نیب ریفرنسز کی سماعت سے پہلے صبح وکلا عدالت پہنچے تو انہیں پہلے ناکے پر روک لیا گیا اور کہا گیا کہ کمرہ عدالت میں جگہ کم ہونے کی وجہ سے انہیں اندر نہیں جانے دیا جائے گا۔ جس پر وکلا نے پولیس اہلکاروں کو اسلام آباد ہائی کورٹ کا اجازت نامہ دکھایا جس پر ہنگامہ آرائی شروع ہوگئی اور پولیس کے تشدد سے ایک وکیل زخمی ہوگیا جبکہ ایک خاتون وکیل کے ساتھ بھی دھکم پیل کی گئی۔ پولیس کی جانب سے تشدد کے واقعے کے خلاف وکلا نے احتساب عدالت میں شدید ہنگامہ آرائی کی اور عدالتی کارروائی شروع ہونے سے پہلے ہی ختم کرادی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں