ن لیگ اور پی ٹی آئی نے مک مکا کرلیا، آصف زرداری

نوشہرہ: پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ ن لیگ اور پی ٹی آئی دکھاوے اور مک مکا کی سیاست کرتی ہیں۔ نوشہرہ میں پیپلز پارٹی کے کارکنوں سے خطاب کے دوران آصف زرداری نے کہا کہ چند روز قبل سینیٹ کے انتخابات ہوئے جس میں تحریک انصاف اور مسلم لیگ ن نے اکٹھے ووٹ دیئے تھے۔ آصف زرداری نے کہا کہ نوشہرہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کا آبائی علاقہ ہے، وہ پرویز خٹک کو اچھی طرح جانتے ہیں کبھی وہ میرے دفتر میں بیٹھے رہتے تھے، جو اپنے آبائی علاقے کو نہیں بنا پائے وہ نیا پاکستان کیا بنائیں گے۔ انہوں نے تو خیبر بینک تک کو نہیں چھوڑا۔

آصف زرداری نے مزید کہا کہ برصغیر پاک و ہند میں اسلام فقیروں اور درویشوں کی وجہ سے پھیلا، وہ خود بھی صوفیائے کرام کی دھرتی سے تعلق رکھتے ہیں۔ ہمیں پاکستان اور پختونوں کی قدر کرنی چاہیے، ہم نے پختونوں کو شناخت اس لیے دی کہ بھارت پختونخوا میں نہ گھسے اور پختون اپنی شناخت پاکستان کے ساتھ رکھیں، ہم سب کے ساتھ مل کر مشکلات کا سامنا کریں گے۔ آصف علی زرداری نے کہا کہ آئندہ الیکشن میں پیپلزپارٹی کی طاقت کا اندازہ ہو جائے گا۔ خیبر پختونخوا کے لوگوں نے تبدیلی والوں کی کارکردگی دیکھ لی ہے. یہ لوگ یہاں کچھ بھی نہیں‌ کر پائے. پیپلزپارٹی ہی عوامی مسائل کو سمجھتی اور اسے حل کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے.

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں