ملک میں خانہ جنگی کے آثار دکھائی دے رہے ہیں، شیخ رشید

اسلام آباد: عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ ملک میں خانہ جنگی کے آثار دکھائی دے رہے ہیں۔ کرپٹ حکمرانوں نے ملک کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا ہے۔ اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ساری قوم عدلیہ اور فوج کے ساتھ کھڑی ہے۔ ن لیگ والے اداروں کو نشانہ بنا کر حالات خراب کرنے پر تلے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک شدید ترین معاشی کرائسسز میں جانے والا ہے۔ ملک بچانے کیلئے اب سڑکوں پر آنا پڑے گا اس کے سوا کوئی چارہ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیس ستمبر کو راولپنڈی کے عوام کو اعتماد میں لوں گا پھر فیصلہ کیا جائے گا۔

شیخ رشید احمد نے کہا کہ پوری قوم چاہتی ہے کہ جمہوریت کو نقصان نہ پہنچے لیکن موجودہ حکمران اپنی کرپشن چھپانے کے لیے نظام پلٹنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کرپشن کے خلاف آواز بلند کرکے قوم کو شعور دیا اور یہ عمل جاری رہے گا۔ جو لوگ مجھے دبانا اور ڈرانا چاہتے ہیں ان کو مایوسی ہوگی۔ شیخ رشید نے کہا کہ نواز شریف کے مشیروں نے انہیں اس جگہ پر پہنچا دیا ہے جہاں سے واپسی مشکل لگتی ہے۔ شیخ رشید احمد نے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے خلاف کرپشن کے ثبوت پیش کرنے کا اعلان بھی کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں