نئے چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے چارج سنبھال لیا

قومی احتساب بیورو کے نئے چیئرمین جسٹس (ر) جاوید اقبال نے چارج سنبھال لیا ہے۔ آفس پہنچنے پر نیب کے اعلیٰ حکام نے جسٹس (ر) جاوید اقبال کا استقبال کیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق چارج سنبھالنے پر جسٹس (ر) جاوید اقبال نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ آئین اور قانون کے مطابق ملک سے کرپشن کے خاتمے کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے عزم کیا کہ کرپٹ افراد کے خلاف بلا تفریق کارروائی ہوگی۔احتساب کا عمل چلتا رہے گا اور تسلسل کو شفاف انداز سے آگے بڑھائیں‌ گے. جسٹس (ر) جاوید اقبال کی بطور چیئرمین نیب تقرری کیلئے نام اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے تجویز کیا تھا۔ حکومت اور اپوزیشن کی طرف سے سامنے آنے والے دیگر ناموں پر باہمی مشاورت کے بعد جسٹس (ر) جاوید اقبال کو نیا چیئرمین مقرر کرنے کا فیصلہ ہوا تھا۔

واضح رہے کہ سابق چیئرمین قمر زمان چوہدری اپنے عہدے کی چار سالہ مدت پوری ہونے کے بعد منگل کو سبکدوش ہو گئے تھے۔ اس موقع پر نیب ہیڈ کوارٹرز میں ان کے اعزاز میں الوداعی تقریب کا اہتمام کیا گیا تھا۔ جس میں نیب کے افسران اور ملازمین نے شرکت کی۔ گریڈ17کے 21 افسر و ں کو اگلے عہدوں پر ترقی پانے والے افسران کو ڈپٹی ڈائریکٹر کے عہدوں پر عارضی طور پر تعینات کردیا گیا۔جس کا نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا گیا۔ ان میں سے پانچ کا تعلق پشاور اور چار کا کراچی سے ہے جبکہ لاہور، کوئٹہ اور راولپنڈی کے تین تین افسر شامل ہیں۔ ترقی پانے والوں میں سے دو کا تعلق ملتان اور ایک کا تعلق نیب سکھر سے ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں