نواز شریف نکالنے والوں سے ڈر کر خود ہی نکلے، زرداری

پشاور: پیپلزپارٹی کے شریک چیرمین آصف زرداری نے کہا ہےکہ نوازشریف پوچھ رہے ہیں انہیں کیوں نکالا وہ تو نکالنے والوں کے خوف سے نکلے ہمارے خوف سے نہیں نکلے۔ پشاور میں پیپلزپارٹی کے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے آصف زرداری نے کہا کہ قوموں کی زندگی میں عمران خان اور نواز شریف جیسے لوگ آتے ہیں، قوموں کو ایسے لوگوں سے ہوشیار رہنا چاہیے۔ آصف زرداری نے کہا کہ اپنے دور میں فاٹا کے لیے بہت قانون بنائے، فاٹا میں اب آخری جھٹکا ہے وہ اب ہوگا یا تو ہماری حکومت آئے گی تب ہوگا، فاٹا کو کے پی کے سے ملانا ہے۔

انہوں مسلم لیگ (ن) کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ جن کو ہم نے نوکریاں دیں انہوں نے نکال دیا ہم ان کے خلاف عدالت میں گئے، پی پی کی ہمیشہ شناخت رہی کہ ہم نے لوگوں کو روزگا دیا، ان کا بس چلتا تو یہ پورا پاکستان ہی بیچ دیں۔ سابق صدر کا کہنا تھا کہ جہاں تک میاں صاحب کا سوال ہے وہ اب تک یہ پوچھ رہے ہیں مجھے کیوں نکالا، اگر آپ کو نہیں پتا کہ آپ کیوں نکلے تو آپ بیٹھ جاتے، ہم تو آپ کو نکالنے نہیں آئے، نوازشریف نکالنے والوں کے خوف سے نکلے ہمارے خوف سے نہیں نکلے۔ آصف زراری نے عمران خان کو بھی آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ کپتان صاحب کا کوئی قصور نہیں وہ معصوم کرکٹر ہیں، وہ روزانہ ٹی وی پر تصویر کے شوق میں پھنس گئے ہیں، اگر عمران خان وزیراعظم بن گئے تو کریں گےکیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ جس زمانے میں ہم نے ملک سنبھالا اس وقت بھی کچھ ایسے ہی حالات تھے جو آج ہیں لیکن ہمارے ساتھ پولیٹیکل فورس تھی اور ہم نے اس وقت کا مقابلہ کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں