صحافیوں کے مسائل کے حوالے درخواست کی عدالت میں‌سماعت

الیکٹرانک میڈیا میں کام کرنے والے صحافیوں اور ملازمین کے حوالے سے اسلا م آباد ہائیکورٹ میں دائر درخواست کی سماعت ہوئی۔ جسٹس عامر فاروق نے کیس کی سماعت کی۔ عدالت نے کیس کی جلد سماعت کی درخواست منظور کر لی۔ جبکہ وزارت اطلاعات ونشریات اور قانون کو جواب داخل کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔ درخواست سینیر صحافی فاروق فیصل خان کی جانب سے دائر کی گئ ہے۔ درخواست میں وفاق ، وزارت اطلاعات و نشریات ، پاکستان براڈ کاسٹرز ایسو سی ایشن اور پمرا کو فریق بنا یا گیا ہے۔ درخواست میں الیکٹرانک میڈیا ورکرز کی حالت زار کو بہتر بنانے کے لیے قانون سازی کی استدعا کی گئی ہے۔ درخواست گزار کی جانب سے ایڈوکیٹ سعید خورشید عدالت میں پیش ہوئے انہوں نے بتایا کہ الیکٹرانک میڈیا کے صحافیوں کو ملازمت کے حوالے سے کسی قسم کا تحفظ حاصل نہیں ہے۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ کئی چینلز میں کام کرنے والے عامل صحافیوں کو تنخواہ بھی بروقت ادا نہیں کی جاتی اور صحافیوں کو جب دل کرے نوکری سے فارغ کر دیا جاتا ہے

درخواست میں کہا گیا ہے کہ وزارت اطلاعات و نشریات کو الیکڑانک میڈیا کے صحافیوں کی حالت زار بہتر بنانے کے لیے قانون سازی کا حکم دیا جائے۔ الیکٹرانک میڈیا کے لیے علیحدہ قانون سازی ہونے تک پرنٹ میڈیا کے لیے بنائے جانے والے قوانین کا اطلاق الیکٹرانک میڈیا پر بھی کیا جائے۔ عدالت نے کیس کی سماعت چار نومبر تک ملتوی کردی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں