نواز شریف کو اب کیسے روکیں؟ عمران خان نے اجلاس طلب کرلیا

اسلام آباد: قومی اسمبلی سے انتخابی اصلاحات بل کی منظوری اور نواز شریف کے مسلم لیگ ن کے صدر منتخب ہونے کے بعد تحریک انصاف نے آئندہ حکمت عملی کیلئے مشاورت اجلاس طلب کرلیا ہے۔ نجی ٹی وی کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان نے پارٹی کے اہم رہنماؤں سے مشاورت کیلئے بنی گالہ طلب کیا ہے۔ مشاورتی اجلاس میں قومی اسمبلی سے الیکشن بل کی منظوری کے معاملے پر مشاورت کی جائے گی۔ یہ مشارتی اجلاس آج تین اکتوبر کو سہہ پہر تین بجے بلوایا گیا ہے۔ اجلاس میں نوازشریف کی نااہلی ختم کرنے کی شق کی مخالفت کی حکمت عملی طے کی جائے گی، شق کے معاملے پر دیگر اپوزیشن جماعتوں سے رابطوں پربھی غورہوگا۔اس موقع پر شاہ محمودقریشی اپوزیشن لیڈر کی تبدیلی کے معاملے پر اپوزیشن جماعتوں سے ہونے والے رابطوں پر بریفنگ دینگے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز حکمران جماعت نے قومی اسمبلی میں انتخاباتی اصلاحات بل 2017 قومی اسمبلی سے منظور کرایا تھا۔ اس بل کی منظوری پر دیگر اپوزیشن جماعتوں کی طرح تحریک انصاف نے بھی تحفظات کا اظہار کیا تھا۔ تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی نے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ قانون آئین کے آرٹیکل باسٹھ اور تریسٹھ کی روح کے متصادم ہے اور انہوں نے اسے عدالت میں چیلنج کرنے کا بھی اعلان کیا تھا۔ اسی طرح عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے بھی اس قانون کو عدالت میں چیلنج کرنے کا کہا تھا اور کہا تھا کہ اس قانون کے بعد اجمل پہاڑی بھی کسی پارٹی کا صدر بن جائے گا۔

ذرائع کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے آج کے اجلاس میں حکومت کے خلاف مؤثر حکمت عملی وضع کی جائے گی اور بہت سخت فیصلے بھی ہو سکتے ہیں۔ مشاورتی اجلاس میں پارٹی رہنما اپوزیشن لیڈر کی تبدیلی کے حوالے سے بھی اہم فیصلے کریں گے اور اس حوالے سے دیگر جماعتوں سے ہونے والی مشاورت پر بھی بات ہوگی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں