آرمی چیف نے خصوصی کورکمانڈرز کانفرنس طلب کرلی

راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر باجوہ نے نے خصوصی کورکمانڈرزکانفرنس کل طلب کرلی، آئی ایس پی آرکے مطابق کانفرنس میں ملک کی داخلی سلامتی کی صورت حال کاجائزہ لیا جائےگا، کانفرنس میں آرمی چیف کےحالیہ دورہ افغانستان پربھی بات چیت کی جائے گی۔ آج احتساب عدالت کے باہر رینجرز اور وزیر داخلہ کے درمیان پیدا ہونے والی صورت حال کے بعد اس کانفرنس کو انتہائی اہم قرار دیا جارہا ہے۔ نجی ٹی وی کے مطابق چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے خصوصی کورکمانڈر کانفرنس کل طلب کر لی ہے جس میں اندرونی اور بیرونی سیکیورٹی صورتحال کاجائزہ لیاجائے گاجبکہ کانفرنس کے شرکا کو آرمی چیف کے دورہ افغانستان سے متعلق بریفنگ بھی دی جائے گی۔ خصوصی کور کمانڈر کانفرنس میں دیگر اہم معاملات کا جائزہ بھی لیا جائے گا۔خصوصی کور کمانڈر کانفرنس میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے علاوہ کور کمانڈز شریک ہوں گے، موجودہ حالات میں خصوصی کانفرنس کا انعقاد خاصی اہمیت کا حامل ہے

دفاعی تجزیہ کاروں کے مطابق اس کانفرنس میں رینجرز کا معاملہ بھی زیر غور ہونے کا امکان ہے۔ اور اس حوالے سے اہم فیصلے بھی ہو سکتے ہیں۔ واضح رہے کہ آج سابق وزیر اعظم نواز شریف کی احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر وزرات داخلہ اور دیگر اداروں کو لاعلم رکھتے ہوئے عدالت کے اطراف میں رینجرز کے دستے تعینات کردئیے گئے تھے ، جن کے بارے میں تاحال علم نہیں ہو سکا کہ ان کی تعیناتی کس کے حکم سے ہوئی تھی۔رینجرز اہلکاروں نے وزیر داخلہ کو بھی کمرہ عدالت میں جانے نہیں دیا جس پر احسن اقبال نے واقعے کی تحقیقات کرانے اور احتجاجا مستعفی ہونے کا اعلان کیا تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں