احسن اقبال نے احتساب عدالت کے باہر ڈرامہ کیا، عمران خان

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال کو ڈرامے باز قرار دے دیا۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان کا کہنا تھا کہ احتساب عدالت کے باہر احسن اقبال نے جو کچھ بھی کیا وہ ایک ڈرامہ تھا۔ بین طاقتوں کو خوش کرنے کیلئے پاکستانی اداروں کو بدنام کیا جارہا ہے۔ یہ تمام پاکستان کے خلاف سازشیں کر رہے ہیں، کرپٹ حکمرانوں کو ملک سے کوئی محبت نہیں۔ عمران خان نے کہا کہ کرپٹ ٹولہ اپنی چوری چھپانے کیلئے اداروں کو ٹارگٹ کر رہا ہے۔ یہ چاہتے ہیں کہ ان سے حساب نہ مانگا جائے۔

عمران خان نے کہا کہ وہ ساڑھے 6 لاکھ ڈالرز کی منی ٹریل میں سے پانچ لاکھ کی منی ٹریل عدالت میں پیش کرچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں باہر کمائی کرکے پیسا پاکستان لے کر آیا، میرا تمام پیسا بینکوں کے ذریعے پاکستان آیا۔ انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعظم کے بچوں نے اربوں روپے کی جائیدادیں لیں اور چھپائیں اور ان کی کوئی بینکنگ ٹرانزیکشنز بھی نہیں دی گئیں۔

عمران خان نے کہا کہ شریف خاندان سے پوچھا گیا کہ اربوں روپیہ کیسے آیا تو ایک بھی ٹرانزکشن نہیں بتائی، مریم صفدر نے جو اربوں روپے کی جائیداد لی وہ نوازشریف کا پیسہ تھا جو باہر گيا۔

نیب عدالت کے باہر ہونے والے واقعے پر انہوں نے کہا کہ کیا احسن اقبال کو نہیں پتہ تھا کہ ایس ایس پی نے رینجرز کی درخواست کی تھی، انہوں نے نے جو ڈرامہ کیا ہے وہ بتائيں کیا انہیں جمہوریت کی اسپیلنگ بھی آتی ہے۔ عمران خان نے کہا کہ احسن اقبال نے جان بوجھ کر انگریزی میں ریاست کے اندر ریاست کے لفظ ادا کیے تاکہ بیرونی دنیا بھی سنے، یہ جمہوریت کو تباہ کررہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں