چور دروازے سے اقتدار تک پہنچنے کا دور گزر گیا، احسن اقبال

شبقدر: وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ چور دروازے سے اقتدار تک پہنچنے کا وقت گزر گیا۔ لوگ اب منفی سیاست کرنے والوں کو مسترد کردیں گے۔ شبقدر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ امن و امان کی صورت حال بہتر ہونے سے دو سالوں میں سیاحوں کی بڑی تعداد نے شمالی علاقات جات کا رخ کیا اور پاکستانی سیاحت کو فروغ ملا۔
وزیرداخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ امن اور سیاسی استحکام کے بغیر ترقیاتی منصوبے مکمل نہیں ہوسکتے، پاکستان آج بہتری اور ترقی کی طرف گامزن ہے تاہم ملک کا دفاع اس کی مضبوط معیشت کے ساتھ جڑا ہوتا ہے اور مضبوط معیشت ملک کو نا قابل تسخیر ہونے کی بنیاد فراہم کرتی ہے۔چارسدہ میں ایف سی کی پاسنگ آوٹ پریڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ دنیا 2013 میں پاکستان کو خطرناک ملک سمجھ رہی تھی اور اس سال تک مگرمچھ کی طرح ملک کو کھانے والی دہشت گردی آج ختم ہوچکی ہے۔احسن اقبال نے کہا کہ آج کوئی پاکستان کو خطرناک ملک قرار دینے کی جسارت نہیں کر سکتا، ملک کی خاطر سیکیورٹی اداروں کے جوانوں نے جانیں قربان کیں اور شہدا کی قربانیوں سے پاکستان دنیا میں عزت اور وقار حاصل کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک میں امن کے لئے ایف سی کا کردار کلیدی ہے جب کہ ایف سی دنیا میں امن فورسز کا حصہ بھی ہے اور بین الاقوامی ادارے اس کی خدمات سے فائدہ اٹھا رہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں