احتساب عدالت نے اسحاق ڈار کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیے

اسلام آباد : نیب ریفرنس میں پیش نہ ہونے پر احتساب عدالت نے وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔ اسلام آباد کی احتساب عدالت میں وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے خلاف آمدن سے زائد اثاثے بنانے کے نیب ریفرنس کی سماعت ہوئی ۔ دوران سماعت اسحاق ڈار عدالت میں پیش نہ ہوئے جس پر عدالت نے اظہار برہمی کیا تو وکیل نے کہا کہ اسحاق ڈار عدالت میں پیش ہونا چاہتے تھے لیکن ان کی طبیعت خراب ہے جس کی وجہ سے وہ عدالت میں پیش نہیں ہوسکے۔ عدالت نے استفسار کیا کہ کیا اسحاق ڈار کو سمن موصول ہوگیا تھا؟ جس پر ان کے وکیل نے بتایا کہ اسحاق ڈار کو سمن موصول ہوگیا تھا۔ احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے اسحاق ڈار کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے حکم دیا کہ اسحاق ڈار کو 25 ستمبر کو گرفتار کرکے پیش کیا جائے۔ عدالت نے ہدایت کی ہے کہ اسحاق ڈار کے وارنٹ گرفتاری قابل ضمانت ہیں اور وہ 10 لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کراکے ضمانت حاصل کر سکتے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں